بنگلور، 15اکتوبر(ایس او نیوز)کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر ملیکارجن کھرگے نے کہاکہ مہادائی تنازعہ کو سلجھانے کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کی مداخلت ہی موزوں ترین طریقہ ہوگا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دریائے مہادائی کے پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر 21؍ اکتوبر کو ممبئی میں کرناٹک، گوا اور مہاراشٹرا کے وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ خوش آئند پہل ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزرائے اعلیٰ کی سطح پر ہی اگر یہ مسئلہ سلجھ جاتا ہے تو اچھی بات ہے، اگر سلجھ نہیں پایا تو وزیراعظم کو فوراً مداخلت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ مہادائی مسئلہ پر مہاراشٹرا اور گوا کے اپوزیشن قائدین کو کرناٹک کے موقف کا ساتھ دینے کیلئے راضی کرنے کے سلسلے میں بی جے پی نے جو بیان دیاہے وہ اس کی غیر ذمہ داری کا عکاس ہے۔ ایسے معاملہ میں کسی کو سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔ کاویری معاملہ میں اگر بی جے پی یہ کہے کہ ڈی ایم کے اور اے آئی اے ڈی ایم کے کو کرناٹک کا موقف اپنانے کیلئے آمادہ کیاجائے تو یہ کہاں تک مناسب رہے گا؟۔ دونوں تنازعات کے سلسلے میں اگر وزیر اعظم مداخلت کریں اور تمام ریاستوں کے ساتھ انصاف یقینی بنائیں تو کافی مدد ملے گی۔ماضی میں بھی وزرائے اعظم نے آبی تنازعات کو سلجھانے کیلئے کافی جدوجہد کی ہے۔ موجودہ وزیر اعظم کو بھی اس معاملہ میں متوجہ ہونا چاہئے۔